ماہنامہ کھلونا، انتخاب

عبید رضا

رسالہ "کھلونا” بھارت سے شائع ہونے والا بچوں کا ماہنامہ تھا۔ اس کی اشاعت کا آغاز اپریل، 1948ء میں ہوا۔ اپنی معیاری اور دلچسپ پیش کش سے اس کو جو شہرت اور مقبولیت ملی، وہ (اس دور کے) کسی اور رسالے کو نصیب نہیں ہوئی۔

اس رسالے کو جن مشاہیر قلم کاروں کا قلمی تعاون حاصل تھا ان میں کرشن چندر، بلونت سنگھ، عادل رشید، سلام مچھلی شہری، میرزا ادیب، عصمت چغتائی، رام لعل، خواجہ احمد عباس، واجدہ تبسم، اے آر خاتون، رضیہ سجاد ظہیر، جیلانی بانو، خدیجہ مستور، شمیم کرہانی، ستیہ پال آنند، #راجہ_مہدی_علی_خاں، رئیس احمد جعفری، جمیلہ بانو، روشن جہاں، کنہیا لال کپور، صالحہ عابد حسین، خواجہ احمد عباس، فکر تونسوی، جگن ناتھ آزاد، رئیس امروہوی، احمد ندیم قاسمی، ساحر لدھیانوی، اور شفیع الدین نیر جیسی شخصیات تھیں۔

اسی رسالہ میں سراج انور کا خوفناک جزیرہ، کالی دنیا، نیلی دنیا، ظفر پیامی کا ستاروں کے قیدی اور کرشن چندر کی چڑیوں کی الف لیلیٰ جیسی شاہکار تخلیقات شائع ہوئیں۔ کھلونا کا سالنامہ بچوں میں بہت مقبول تھا۔

کھلونا کا عام شمارہ 60 تا 70 صفحات پر اور سالنامہ اور خصوصی نمبر 150 صفحات پر مشتمل ہوتا تھا۔ رسالہ "کھلونا” کی عمومی ترتیب یوں تھی۔ رنگین سرورق جس پر بچوں کی مناسبت سے کوئی تصویر ہوتی، پھر اداریہ کے تحت اپنی باتیں، عنوان سے ایک مختصر مضمون ہوتا، پھر کوئی ایڈوینچرس اور معلوماتی مضمون ہوتا، جیسے جاپان کے برف کے بھوت، اس کے بعد انعامی تصویریں، انعامی کارٹون نمبر، تصویری پہیلی، کہانیاں، فکشن سریز، نظمیں، اشتہارات وغیرہ۔ یہ شاید واحد رسالہ تھا جس میں بچوں کی پسند اور ناپسند کے بارے میں پوچھا جاتا تھا۔ اپنے جاذب نظر گیٹ اپ، السٹریشن اور دیدہ زیب طباعت کی وجہ سے اس رسالے نے بہت جلد مقبولیت اور شہرت کی بلندیاں طے کر لیں۔ بچوں کے رسائل کے ضمن میں یہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ رسالہ 1987ء میں بند ہوگیا۔

2019ء میں محمد اسد اللہ خان نے کھلونا کا ایک انتخاب مرتب کیا تھا۔

ماہنامہ کھلونا: ایک انتخاب
(کہانیاں، مضامین، ڈرامے اور نظموں کا انتخاب)

یہ کھلونا کے 17 مختلف شماروں میں سے کل 22 کہانیوں، 16 نظموں، 3 مضامین اور 12 ڈراموں کا انتخاب ہے۔

ان میں سے 27 تحریریں محض 4 مختلف شماروں سے لی گئی ہیں۔ اور بقیہ 26 تحریریں میں سے 15 تحریریں 13 مختلف شماروں سے لی گئیں ہیں۔ جب کہ 11 تحریروں کے ساتھ کوئی حوالہ نہیں دیا گیا کہ کھلونا کے کس شمارے سے لی گئیں ہیں۔

2019ء میں اس کی پہلی بار اشاعت ہوئی، یہ انتخاب 320 صفحات پر مشتمل ہے، کتاب کی تعداد اشاعت محض 500 درج ہے۔

اسے بھارت سے قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان، نئی دہلی نے شائع کیا۔

فہرست
کہانیاں

ہرے رنگ کا جادو، کرشن چندر
بشیرے کی اماں، عصمت چغتائی
روئی کا پودا، عصمت چغتائی
موٹوؤں کا گھر، رام لعل
جھوٹا سچ، جیلانی بانو
تعارف ، واجدہ تبسم
بند دروازے، واجدہ تبسم
بہادری کا تمغا، ہاجرہ نازلی
سب سے اچھا تحفہ، رضیہ سجاد ظہیر
ضد کا انجام، خدیجہ مستور
سزا، بانو سرتاج
دوسری سزا، ابرار محسن
اپنے پرائے، رام پال
ذہانت، سرجیت
کبوتر والا، سراج انور
حوصلے کا صلہ، اشفاق احمد
تاریخ پارے، مشاق اعظمی
تین کہانیاں، ایم اسلم

طنز و مزاح

ہاتھی کا پیغام، کنیہا لال کپور
چوتھے میں، احمد جمال پاشا
ایک طالب علم کی ڈائری، غلام احمد فرقت کاکوروی
شرارتیں، امانت اللّٰہ خاں نظمی

ڈرامے

انوکھی آزمائش، اقبال احمد
بنگال کا جادو، جگن ناتھ آزاد
سارس کی کہانی، کوثر چاند پوری
سونے کی گیند، میرزا ادیب
ملاقات، اظہر افسر
ہنستا ہوا حبشی، اظہر افسر
بغداد کا نائی، ابرار محسن
گویّا جاسوس، ذکی انور
ایک لوہار کی، مہر رحمان
بچہ کیوں فیل ہوا؟ سید نور الحسنین
چالاک بڑھیا، شہاب صدیقی
عدالت، عبدالکمال خاں

مضامین
چاچا نہرو کیا تھے، خواجہ احمد عباس
ایک مشہور سائنس دان، اندر جیت لال
پینسل کی کہانی، کے پی سکسینہ

نظمیں

قصیدہ چڑیا کا حفیظ جالندھری
سن لو ایک کہانی، جگن ناتھ آزاد
آہا آیا سال نیا، راجہ مہدی علی خاں
بچوں کا گیت، بسمل سعیدی
گھوڑا، ناوک حمزہ پوری
نیا زمانہ کس کا ہے، سلام مچھلی شہری
وعدہ، ماچش لکنھوی
مٹھو ہاں ہمارے، مخمور سعیدی
چڑیا گھر کی سیر، محمد شفیع الدین نیئر
پیار کی جنت، قتیل شفائی
نیند کی رانی، کرشن
اوٹ پٹانگ، گلزار
لڑکپن کی یاد، شمیم کرہانی
قومی تہوار، مہدی پرتاب گڑھی
لوری، سیدہ عنوان
گائے، علیم اختر مظفر پوری

شناس نامہ، مصنف کا تعارف

بے شک یہ بہت بڑا کام ہے، اور اس پر محنت کی گئی ہے۔ یہ بچوں کے رسائل میں دفن خزانوں کی طرف پہلا قدم ہے۔ لیکن انتخاب میں مشاہیر کو زیادہ جگہ دی گئی، اور چند شماروں سے یہ انتخاب کیا گیا ہے جو بہ ہر حال کھلونا کا وہ تعارف نہیں کرا سکا، جو کہ کھلونا تھا۔ مشہور ادیبوں کی کہانیوں کے مجموعے، انتخاب اور مشہور کہانیاں بعد میں بھی دیگر رسالوں میں چھپتی رہی ہیں۔ غیر معروف ادیبوں جن کی کہانیاں کھلونا کے شماروں میں دفن ہیں ان کو زندہ کرنے کی ضرورت تھی، جو یہ انتخاب نہیں کر سکا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلونا کے اس انتخاب کی طرز پر مشاہیر اور وہ ادیب جن کی کہانیاں الگ سے شائع ہوئیں ہوں یا دیگر کسی طرح آج بھی دستیاب ہوں، ان سے ہٹ کر دیگر مصنفین کی کہانیوں کو جگہ دی جائے۔

کھلونا کا ایک دوسرا انتخاب، محمد قاسم صدیقی نے کیا ہے جس میں 16 تحریریں شامل ہیں (8 کہانیاں، 8 مضامین)

تعارف میں بتایا گیا ہے کہ اس انتخاب میں شامل کہانیاں کھلونا میں شائع ہونے سے قبل، آل انڈیا ریڈیو کی ایکسٹرنل سروس کے بچوں کے پروگرام میں نشر ہو چکی تھیں۔
یہ انتخاب ، 2008ء میں علی گڑھ سے شائع ہوا۔

کتاب:

ماہنامہ کھلونا: ایک انتخاب

مصنف:

محمد اسداللہ

صفحات:

320

ناشر:

محمد اسداللہ

مزید دیکھیے

میاں بلاقی کے کارنامے
اردو ذخیرۂ الفاظ
آئیے سائنس دان بنیں
سفید گیند